گاندھی نگر،23اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس پارٹی کے آج یہاں منعقدہ ’’جناآکروش ‘‘ریلی ریاستی اسمبلی کی طرف سے نکالنے کے دوران اس کے سینئر لیڈران اور اراکین اسمبلی سمیت پارٹی کے تقریبا 400حامیوں کو حراست میں لے لیا لیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ انہیں اس وقت روک لیا گیا جب وہ اسمبلی کے مرکزی دروازے پر پہنچ گئے تھے۔جن لوگوں کو حراست میں لیا گیا ان لوگوں میں اپوزیشن کے لیڈر شنکر سنگھ واگھیلا، ریاست کانگریس کے صدر بھرت سنگھ سولنکی، سینئر لیڈر شکت سنگھ گوہل، سدھارتھ پٹیل، راجیہ سبھا کے ایم پی مدھوسودن مستری، منیش دوشی، اور تقریبا 20ممبران اسمبلی شامل ہیں۔گاندھی نگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وریندر یادو نے بتایاکہ ریاستی اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تقریبا 400لوگوں کو ہم نے حراست میں لیا۔اسمبلی کے جاری مانسون اجلاس کے دوسرے اور آخری دن کانگریس پارٹی کے ہزاروں حامی آج بی جے پی حکومت کے جابرانہ اور دلتوں پر ظلم کے خلاف ایک ریلی نکالنے کے لئے گاندھی نگر میں جمع ہوئے۔جیسے ہی مظاہرین اسمبلی کے مرکزی دروازے پر پہنچے تو پولیس نے انہیں احاطے میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے بیریکیٹ لگا دیا۔جب ان لوگوں نے زبردستی کی تو پولیس نے پانی کی بوچھار کی اور انہیں حراست میں لے لیا۔بعد میں حراست میں لئے گئے تمام لوگوں کو رہا کر دیا گیا۔